عمران خان اور پرویز الہیٰ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری عدالت میں چلینج کرنے پر متفق

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کو عدالت میں چیلنج کرنے پر اتفاق کرلیا۔

زمان پارک میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پرویز الہی ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کو چیلنج کرنے پر اتفاق کیا اور 25 جنوری کو عدالت میں درخواست دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔ ملاقات میں وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے قانونی مشاورت بھی مکمل کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قانون دان احمد اویس نے عمران خان اور ملاقات کے شرکا کو  مکمل آئینی و قانونی شقوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

علاوہ ازیں ملاقات میں پرویز الہیٰ کے ساتھ آئندہ انتخابات اور دیگر معاملات بارے بھی گفتگو کی گئی جبکہ پی ٹی آئی نے چوہدری پرویز الہی کو اپنے احتجاجی لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔ اس بیٹھک میں پنجاب میں نگران وزیراعلی کی جانب سے کی جانے والی تقرریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

قبل ازیں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں فواد چوہدری، حسان خاور، اعظم سواتی، مسرت جمشید چیمہ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی۔  اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور نگراں وزیراعلی پنجاب کے خلاف احتجاجی تحریک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے مزید اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور دونوں صوبوں میں انتخابات کی تاریخ پر عدالت سے رجوع کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔