کراچی سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے آتشزدگی، 4 افراد جھلس گئے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 جنوری 2023
فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا

فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا

  کراچی: سینٹرل جیل کے قریب سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں 4 افراد جھلس گئے۔

پولیس کے مطابق جمشید روڈ پر سینٹرل جیل کے سامنے مکینک کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سےدھماکا ہوا، جس کی آگ نے 4 دکانوں، ایک رہائشی فلیٹ اور 2 کاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ گھر میں آگ بھڑکنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس گئے، ایک جاں بحق

آتش زدگی کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہونے والے دکان کے ملازمین اور چوکیدار کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دکان کے اوپر فلیٹوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق مکینک کی دکان میں گیس سلنڈر رکھا تھا، جو زور دار دھماکے سے پھٹا اور آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی آواز سن کر بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے نکل آئے۔

دکان میں سلنڈر پھٹنے سے لوہے کے ٹکڑے دکان کے اوپر واقع رہائشی فلیٹ اور سڑک کے دوسری طرف آئل کی دکان میں جا گرے، جس سے وہاں بھی آگ لگ گئی۔آتشزدگی کے وقت حفاظتی اقدامات کے تحت کے الیکٹرک کے عملے کی مدد سے متاثرہ عمارت کی بجلی منقطع کروا دی گئی تھی۔

آگ لگنے کے نتیجے میں مکینک کی دکان کے باہر کھڑی 2 کاریں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تھا، جنہوں نے بعد ازاں چیکنگ کے بعد کلیئر قرار دیا۔ زخمیوں کی شناخت 30 سالہ عمران ولد موسیٰ ، 29 سالہ عثمان ولد مظہر حسین ، 45 سالہ معین ولد جعفر اور 28 سالہ تیمور ولد جمشو کے نام سے کی گئی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔