95ویں اکیڈمی ایوارڈز: جوائے لینڈ آسکرز میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی

ویب ڈیسک  بدھ 25 جنوری 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کیلیفورنیا: پاکستان کی آسکرز کیلئے نامز د فلم جوائے لینڈ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی مرکزی فہرست میں جگہ نہ بنا سکی۔

صائم صادق کی ہدایت کردہ فلم جوائے لینڈ کو آسکرز میں بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا تاہم پاکستانی فلم آسکرز کا حصہ بننے میں ناکام ہوگئی۔

اس کیٹگری میں جوائے لینڈ کےعلاوہ جرمن فلم ’آل کوائٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ‘، ارجنٹائن کی ’ارجنٹائن 1985‘، بیلجئن کی فلم ’کلوز‘، پولش فلم ’ای او‘ اور آئرلینڈ کی ’دی کوائٹ گرل‘ کو نامزد کیا گیا ہے۔

اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین فلموں کی کیٹیگری کے لیے ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن میورک‘ اور مشہور ہدایتکار ڈیوڈ کیمرون کی فلم ’اوٹار دی وے آف واٹر‘ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اکیڈمی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں سب سے آگے سائنس فکشن فلم ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ ہے جس نے 11 نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔ جبکہ پہلی جنگ عظیم کے پس منظر پر بننے والی فلم ’آل کوایٹ آن دی ویسٹرن فرنٹ ور ’دی بینشیس آف انیشیر‘ کو 9 نامزدگیاں ملی ہیں۔


معروف گلوکار ایلویس پریسلی پر بننے والی فلم کے اداکار آسٹن بٹلر اور آنجہانی اداکارہ مارلن مونرو  پر بننے والی فلم ’بلونڈ‘ میں مارلن منرو کا کردار نبھانے والی اداکارہ آنا ڈی آرمس کو بہترین اداکارہ کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ کیٹ بلینچیٹ کو ’ ٹار‘، کولن فیرل کو فلم ’دی بینشیز آف انیشیرن‘ اور برینڈن فریزر کو ’دی ویل‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے مقبول گانے ’ناتو ناتو‘ کو بہترین موسیقی کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ملالہ یوسفزئی کی حمایت یافتہ دستاویزی فلم’اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ‘ کو بھی آسکرز میں جگہ مل چکی ہے۔

یاد رہے کہ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کا میلہ 12 مارچ کو لاس اینجلس میں سجے گا جس میں نامزد ہونے والوں کو فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔