ای سی سی، 54 ادویات کی قیمتیں مقرر، ایک میں اضافے کی منظوری

ارشاد انصاری  جمعرات 26 جنوری 2023
سینٹر فار کاٹن کے ملازمین کی تنخواہوں،پنشن کیلیے کمیٹی قائم،اسحقٰ ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس
(فوٹو : فائل)

سینٹر فار کاٹن کے ملازمین کی تنخواہوں،پنشن کیلیے کمیٹی قائم،اسحقٰ ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد:  کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے 54 ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے اور ایک دوائی کی قیمت بڑھانے کی منظوری دیدی۔

پاکستان سینٹر فار کاٹن (پی سی سی سی) کے ملازمین کو تنخواہوں و الاونسز اور پنشن کی ادائیگی کیلئے 66کروڑ 66 لاکھ 40 ہزار روپے کی سپلمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کے معاملے میں اعلیٰ سطع کی کمیٹی قائم کردی، جو 15دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا،جس میں ہالہ بلاک میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش اور پیداوار کیلئے لیز میں توسیع کی منظوری د ی گئی۔

رواں مالی سال کیلئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے تین ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کے علاوہ درآمدی گندم کی شپمنٹس و کنسائنمنٹس کی پری شپمنٹ انسپکشن کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پینل پرچھ بین الاقوامی پری شپمنٹ انسپکشن ایجنسی کی خدمات دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

سپریم کورٹ کی عمارت کی مرمت و مینٹینیس اور ججوں کی رہائش گاہوں و ذیلی دفاتر کی مرمت اور مینٹیننس کیلئے وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کو اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

کاشتکاروں کو ربیع سیزن کیلئے گندم کے بیج کی فراہمی بارے سبسڈی کیلئے8 ارب 39 کروڑ روپے کی ٹیکینکل سپلمنٹری گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی، یہ گرانٹ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی بجائے نقد رقم کی صورت میں بطور سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔