گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالرتک جاپہنچا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 26 جنوری 2023
ترک تجارتی وفد پاکستانیوں سے ملاقاتوں کیلیے کوشاں،طارق یوسف، تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

ترک تجارتی وفد پاکستانیوں سے ملاقاتوں کیلیے کوشاں،طارق یوسف، تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 بلین ڈالر تک پہنچ چکا۔

ترکیہ کی وزارت تجارت کے تعاون سے کراچی میں پاک۔ترک ٹریڈ ڈیلیگیشن کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ترکی اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ترکی کی 30 بڑی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات سندھ کے دورے پر ہیں۔اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر برائے صنعت و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ گزشتہ دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم دس بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ میں ترکی کے سرمایہ کاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کریں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے اگست 2022 میں معاہدہ ہوا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان متعدد شعبوں میں بہتر تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ حکومت سندھ سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر ترکی کی حکومت اور عوام کی ممنون ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان مسلم امہ کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔

اس موقع پر کراچی میں تعینات ترک قونصل جنرل جمال سانگو کا کہنا تھا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی آپس میں روابط کو مضبوط بنائے اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔

صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری طارق یوسف نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فرنیچر، کیمیکلز، ایگری مشینری وغیرہ سے متعلق 40 مندوبین اور 30کمپنیوں پر مشتمل ترک تجارتی وفد پاکستانی تاجروں/کمپنیوں سے B2B ملاقاتوں کے لیے کوشاں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔