بلدیاتی الیکشن؛ سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہوگا، حافظ نعیم

ویب ڈیسک  جمعرات 26 جنوری 2023
ہم اپنے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو فائل)

ہم اپنے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو فائل)

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہوگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ سعید غنی مجھ سمیت سب سے رابطے میں ہیں۔ اگر سعید غنی بولی لگانا چاہتے ہیں تو اب ایسا نہیں ہو گا ۔ ہماری جدو جہد کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن ہوئے، جس میں حکومت کی دلچسپی نہیں تھی۔ ایسے میں ٹرن آؤٹ بھی بہت کم تھا  جب کہ حکومت نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی اور حکومتی مشینری کی مدد بھی لی۔ نتائج کی تاخیر بتاتی ہے کہ کہ حکومت نے نتائج تبدیل کیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی حال عام انتخابات میں ہوگا تو اس کی شفافیت پر آواز اٹھے گی۔ الیکشن پراسس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی پر سیل قائم کیا۔ کسی بھی جماعت کو اگر ہماری ضرورت ہو تو ہم مدد کرنے کو تیار ہیں۔  یہ سیل ان انتخابات میں جو خامیاں سامنے آئیں، انہیں سامنے لائے گا۔ یہ سیل آئندہ عام الیکشن میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بنائی گئی کمیٹی نے تاحال کام شروع نہیں کیا۔ گیارہ سیٹوں پر اب ضمنی الیکشن ہوگا۔ الیکشن کمیشن آر اوز اور ڈی آر اوز سندھ سے نہ لے، یہ افسران دیگر صوبوں سے لیے جائیں۔  اس معاملے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں۔ آر اوز اور ڈی آر اوز حالیہ انتخابات پر اثر انداز ہوئے۔  ری کاؤنٹنگ کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل میں بھی جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے۔ لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی ترقی کرے گی۔ ہم نے بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں لی ہیں۔ میئر کراچی جماعت اسلامی ہی کا بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ سویڈن میں ترک ایمبیسی کے سامنے افسوس ناک واقعے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے تحت اس کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔