بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر واہگہ بارڈر پر مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ

آصف محمود  جمعرات 26 جنوری 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

 لاہور: پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ کے باوجود دونوں ممالک کی سرحدی فورسز ایک دوسرے کے مذہبی اور قومی تہواروں پر خیر سگالی کے طور پر مٹھائی کا تبادلہ کرتی ہیں۔

بھارت کے 74 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر لاہور کے واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز پنجاب اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) انڈیا کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔

لاہور کے واہگہ بارڈر پر جہاں ہر شام پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوان مشترکہ پریڈ کے دوران جذبوں کی جنگ لڑتے ہیں، وہیں دونوں ہمسائے اور روایتی دشمن ایک دوسرے کو مذہبی اور قومی تہواروں پر مبارک باد اور مٹھائی بھی دیتے ہیں۔

جمعرات کے روز بھارتی یوم جمہوریہ پر بھی دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے مقامی کمانڈروں نے ایک دوسرے کو مٹھائی اور تحائف پیش کیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز نے بی ایس ایف انڈیا کے جوانوں کو ان کے یوم جہموریہ پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں فورسز کے مقامی کمانڈروں نے گرم جوشی سے ہاتھ ملائے اور مٹھائی کا تبادلہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔