زیریں سندھ : آتشزدگی کے مختلف واقعات میں76گھر تباہ، 2خواتین جھلس گئیں

نامہ نگاران / ایکسپریس ڈیسک  منگل 8 اپريل 2014
آتشزدگی کے واقعات نوابشاہ، گھارو اور تلہار میں پیش آئے، متاثرین قیمتی سامان اور جمع پونجی سے محروم،4بکرے ہلاک

۔فوٹو:فائل

آتشزدگی کے واقعات نوابشاہ، گھارو اور تلہار میں پیش آئے، متاثرین قیمتی سامان اور جمع پونجی سے محروم،4بکرے ہلاک ۔فوٹو:فائل

زیریں سندھ: زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات میں76  گھر تباہ جبکہ 2خواتین زخمی  ہو گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق سکرنڈ کے قریبی گائوں میں آتشزدگی سے50 مکانات راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ گوٹھ علی نواز مگسی میں کپاس کے ڈھیر میں اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گائوں کو لپیٹ میں لے لیا اور کچے پکے 50 مکانات اور ان میں  موجود  کپڑے، قیمتی سامان، طلائی زیورات اور اجناس جل  کر خاکستر ہوگیا۔ فائر بریگیڈ  نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔  گھارو کے قریب ککران کے گوٹھ عیدن رند میں ایک مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،تیز ہوا کے باعث آگ نے دیگر 19 گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت کو بڑھتا دیکھ کر گھارو سے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا جس نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم اس دوران دو خواتین جھلس کر زخمی ہوگئیں۔ تیز ہوا کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی جس  سے 20 گھروں میں موجود تمام اثاثہ جل کر خاکستر ہوگیا ۔ ادھر تلہار کے قریب گوٹھ بہاول جونا میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے6 گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے، فائر بریگیڈ پہنچنے سے قبل  4 بکرے،  جہیز سمیت دیگر قیمتی سامان خاکستر ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔