عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 لاہور: خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا۔

سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلانے پر تحریک انصاف نے احتجاج بھی کیا۔

عمران خان پر حملے کے بعد کے پی کے 50 پولیس اہلکار سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی واپس بلانے کے لیے پنجاب حکومت نے کے پی حکومت کو 24جنوری کو مراسلہ بھیجا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب حکومت کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں سابق وزیر عمران خان کی سیکیورٹی اور خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی واپس لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی ان کا حق ہے کیونکہ پہلے یہ پولیس ہی عمران خان کو خطرے کا خط لکھ چکی ہے، اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری وزیر داخلہ پر ڈالیں گے۔

دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور زمان پارک کے باہر رات گئے کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی جہاں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

کارکنان کا لہو گرمانے کے لیے زمان پارک کے باہر اونچی آواز میں ترانے بھی بجائے گئے، خواتین کارکنان بھی رات گئے عمران خان کی سپورٹ کے لیے موجود رہی۔

زمان پارک میں کارکنان کے لیے 35 سے زائد کیمپ لگائے گئے ہیں، کارکنان پارٹی ترانوں پر رقص بھی کر رہے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔