علی ظفر نے مشہور کلام ’بلغ العلیٰ بکمالہٖ‘ کس کے کہنے پر پڑھا؟

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: پاکستان کے مشہور فنکار علی ظفر مشہور کلام ’بلغ العلیٰ بکمالہ‘ پڑھ کر سناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

حال ہی میں علی ظفر ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام دی ٹاک ٹاک شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے بتایا کہ مشہور کلام ’بلغ العلیٰ بکمالہٖ‘ انہوں نے اپنی والدہ کی فرمائش پڑھا تھا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ میری والدہ مجھے اکثر کہتی تھیں کہ یہ کلام سنو اور اگر ہو سکے تو اسے پڑھو تاہم مجھے لگا کہ میں اتنی بڑی ہستیوں کے کلام کیسے پڑھ سکتا ہوں۔

علی  نے بتایا کہ جب کووڈ  کی وباء کے دوران ان کی والدہ بھی اس وباء سے متاثر ہوکر شدید بیمار ہوئیں تو انہوں نے والدہ کی خدمت کی اور ان کے ساتھ وقت گزارنے لگے  جس کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنی والدہ کے کہنے پر ان کیلئے یہ کلام پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع کیس کا اصل راز کیا ہے؟ علی ظفر نے انکشاف کر دیا

گلوکار نے پروگرام کے میزبان حسن چودھری کی فرمائش پر اپنی سُریلی آواز میں کلام کے چند اشعار پڑھ کر بھی سنائے جس کو پڑھتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئے۔

یاد رہے کہ علی ظفر کے اس کلام کو پاکستان سمیت دنیا بھر سے خوب پزیرائی حاصل ہوئی تھی ان کے مداحوں کی جانب سے اس کلام کو خوب پسند کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔