دالوں کا صرف 15 دن کا اسٹاک باقی رہ گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

کراچی کی ہول سیل مارکیٹوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، اگر پورٹ پر موجود دالوں کو فوری کلئیرنس نہ ملی تو ملک میں دالوں کی قلت ہوجائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں دالوں کا اسٹاک صرف 15 دن کا رہ گیا ہے، کراچی کے ہول سیل ڈیلرز نے دالوں کی قلت کا عندیہ دے دیا ہے۔

ہول سیل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باوجود ہمارے کنٹینر ریلیز نہیں کئے جارہے ہیں، پورٹ پر دالوں کے ہزاروں کینٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں دالوں کی قلت ہوگئی ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک قریب ہونے کی وجہ سے دالوں کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اب رمضان میں اجناس کی قلت کا خدشہ ہے کیوں کہ درآمدی اجناس کے کنٹینر پر تاحال ڈیمرج معاف نہیں ہوا اور ڈیمرج اور ڈیٹینشن کی وجہ سے اجناس کی لاگت میں 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجناس کے کنٹینرز بروقت کلیئر کیے جائیں تو دالوں کی قیمت میں 100 روپے کلو تک کی کمی لائی جاسکتی ہے۔

امپورٹرز نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ بینکس ریٹ زیادہ ہونے کے باوجود ڈالر نہیں دے رہیں جب کہ پورٹ چارجز جو معاف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اس پر بھی ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمت میں 25 فیصد ڈیٹینشن اور ڈیمرجز کا اضافہ اور ڈالر بڑھنے سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے، عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔