پرویز الہیٰ اور اُن کے ساتھیوں نے غداری کی، چوہدری سالک حسین

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے چدہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے والوں کو سیاسی غدار قرار دے دیا۔

پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہایت افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ چوہدری شجاعت حسین جنہوں نے چودھری ظہور الٰہی شہید کی سیاسی میراث کو زندہ رکھا، آگے بڑھایا اور خاندان کو اکٹھے رکھنے کیلئے قربانیاں دیں اُنہیں انکے اپنے چھوٹے بھائی نے اپنی خود غرض سیاست کا نشانہ بناتے ہوئے غیر آئینی طور پر پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ نے چوہدری شجاعت کو ہٹا کر خود کو کٹھ پتلی صدر بنانے کی ناکام کوشش کی ہے، حلقہ کے عوام جانتی ہے کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ اپنی دی ہوئی زبان کا مان رکھا ہے۔

چوہدری سالک نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اپنی ذاتی خواہشات ،انا ،لالچ اور عہدوں کی حوس میں خاندان کی ساکھ، روایت اور شہید ظہور الٰہی کے سیاسی نظریے سے غداری کی ہے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔