کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 28 جنوری 2023
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی

  کراچی: درخشاں کے علاقے ڈیفنس میں لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے مبینہ ڈکیت کو شہری نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ۔

ڈیفنس کے علاقے فیز 6 بڑا بخاری نزد ماسٹر جوس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی اطلاع پر درخشاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ او شعیب الرحمٰن نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا شخص ڈکیت ہے جو مذکورہ مقام پر اپنے ساتھی کے ہمراہ لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہا تھا کہ شہری نے اس پر فائرنگ کر دی جبکہ ڈاکوؤں نے بھی اس پر جوابی فائرنگ کی تھی تاہم ایک ڈاکو شہری کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے شہری اور دیگر عینی شاہدین کا بھی ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے جبکہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے 30 بور پستول ، 4 موبائل فونز اور ایک پرس جس میں 14 ہزار روپے نقدی تھی برآمد ہوئی ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

مارے گئے ڈکیت کی عمر 24 سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے اس کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔