پاکستانی زائرین نے درگاہ اجمیر شریف پر چادر چڑھائی

آصف محمود  ہفتہ 28 جنوری 2023
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

 لاہور: پاکستانی زائرین کے وفد نے 811ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر اجمیر شریف میں حضرت خواجہ سید معین الدین حسن چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ پر روایتی چادر چڑھائی۔

پاکستانی ہائی کمیشن نیودہلی میں ناظم الامورسلمان شریف نے بھی حکومت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کی۔
درگاہ پر وفد کا استقبال انجمن معینیہ فخریہ چشتیہ خدام صاحب کے سید بلال چشتی اور دیگر سرکردہ اراکین نے کیا۔ چادر چڑھانے کے بعد خصوصی دعا کی گئی۔ درگاہ کے معززین نے ناظم الامور اور زائرین کے نمائندوں کی “دستاربندی” کی۔

چارج ڈی افیئرز نے درگاہ کے متولیوں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے دورے میں سہولت فراہم کی اور سالانہ عرس کے موقع پر پاکستانی وفد کی دیکھ بھال کی۔

ناظم الامور نے کہا کہ حضرت معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ برصغیر کے سب سے زیادہ قابل احترام صوفی بزرگوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی اقدار، تعلیمات اور امن، اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی ایک ابدی پیغام لے کر آتی ہیں اور آج دنیا کے لیے امید کی کرن کا کام کرتی ہیں۔

بعد ازاں زائرین نے چارج ڈی افیئرز سے الگ ملاقات کی اور ان کے دورے میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی زائرین 1974 کے ہندوستان-پاکستان پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت سالانہ عرس مبارک میں مذہبی مقامات کے دورے میں شرکت کر رہی ہیں۔ اس سال وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے نمائندے کی قیادت میں کل 240 زائرین 811ویں عرس مبارک میں شرکت کے لیے 25 جنوری سے یکم فروری 2023 تک اجمیر شریف کا دورہ کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔