کراچی : تھانے اور چوکی پر بم حملے،2اہلکار زخمی، فائرنگ سے ایک ہلاک 2 لاشیں ملیں

اسٹاف رپورٹر  منگل 8 اپريل 2014
گلبہارمیں ملزمان نے بیکری میں گھس کر مالک کوقتل کردیا،گارڈن ایسٹ، بن قاسم ٹاؤن اور فقیر کالونی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے  فوٹو: فائل

گلبہارمیں ملزمان نے بیکری میں گھس کر مالک کوقتل کردیا،گارڈن ایسٹ، بن قاسم ٹاؤن اور فقیر کالونی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے فوٹو: فائل

کراچی: سہراب گوٹھ تھانے اور ایوب گوٹھ پولیس چوکی پر بم حملے کیے گئے جس میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکین گھروں سے باہر نکل آئے۔ گلبہارمیں ملزمان نے بیکری میں گھس کر مالک کوقتل کردیا،گارڈن ایسٹ، بن قاسم ٹاؤن اور فقیر کالونی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ سہراب گوٹھ پولیس اسٹیشن اور اسی تھانے کی حدود میں قائم ایوب گوٹھ پولیس چوکی پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان بال بم پھینک کر فرار ہوگئے، بم حملوں میں دونوں مقامات پر ایک ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ بم حملوں کی اطلاع ملتے ہی رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا، سہراب گوٹھ تھانے اور پولیس چوکی میں تعینات پولیس اہلکار بھی خوفزدہ ہوگئے اور ان کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، ایس ایچ او شعیب قریشی کے مطابق ملزمان کی جانب سے دونوں مقامات پر بم حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تھانے اور چوکی کے داخلی دروازے اور چھت کو نقصان پہنچا ہے، تھانے کے باہر کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہیں جس کی ریکارڈنگ محفوظ ہے اور فوٹیج میں ملزمان دکھائی دے رہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو بھی نامعلوم ملزمان نے سہراب گوٹھ فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے کی پولیس موبائلوں پر کریکر حملہ کیا تھا اور یہ تمام حملے چند روز قبل سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل کی جانب سے سہراب گوٹھ کے علاقے جنجال گوٹھ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 کارندوں کو مقابلے میں مارے جانے کا رد عمل ہوسکتا ہے۔ گلبہار تھانے کی حدود حسن کالونی میں واقع العباس بیکری میں نامعلوم ملزمان نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے ۔

بیکری کا مالک 50 سالہ سید انور شاہ سر پر گولی لگنے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، ایس ایچ او گلبہار محسن علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول گزشتہ 25 سال سے حسن کالونی میں رہائش پذیر تھا، آبائی تعلق پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے تھا، واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مقتول انور شاہ کی نماز جنازہ رضویہ امام بارگاہ میں ادا کی گئی جس کے بعد میت حافظ آباد روانہ کردی گئی۔ نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر 5-G میں رہائش پذیر 38سالہ آصف کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، پولیس کے مطابق ایم ایل او ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ متوفی کی موت کوئی زہریلی چیز کھانے سے ہوئی ہے، آٓصف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس نے خودکشی کی ہے۔ جیکسن کے علاقے گلشن سکندر آباد سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ۔

بعدازاں متوفی کی شناخت اکرام کے نام سے ہوئی، جیکسن پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا۔ بن قاسم ٹاؤن تھانے پپری نصیر آباد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے50 سالہ عبدالرشید اور16 سالہ شکیل زخمی ہو گئے، بن قاسم پولیس کے مطابق واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ مومن آباد تھانے فقیرکالونی میں واقعے UC-2 کے پرانے دفتر کے قریب جھگڑے میں فائرنگ سے اسماعیل اور عمران زخمی ہو گئے۔ گارڈن تھانے کی حدود گارڈن ایسٹ فوارہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے محمد رحمن زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا۔ناظم آباد کے علاقے 4 نمبر میں نامعلوم ملزمان نے اندھا دھندفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد وقاص احمد ، صغیر اور ناصر بیگ شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے۔ منگھوپیر، کورنگی اور بلال کالونی میں بھی فائرنگ سے 3 زخمی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔