معاشی بحران حل کرنے کیلیے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، وزیر خزانہ

ویب ڈیسک  اتوار 29 جنوری 2023
فائل : فوٹو

فائل : فوٹو

 اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس معاشی بحران حل کرنے کیلیے کوئی جادو کی چھڑی نہیں، ہمیں مسائل حل کرنے میں وقت لگے گا۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن میں منعقدہ باچا خان کانفرنس میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی بحران پانچ سال کی تباہی کا نتیجہ ہے، بحران کے حل کیلیے بڑے بڑے فیصلے کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ اور چلینج دہشت گردی ہے جس کو حل کرنے کا واحد راستہ بات چیت ہے کیونکہ تشدد سے کوئی مسئلہ کبھی حل نہیں ہوا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھی اُس طرح عمل نہیں ہوا جیسے ہونا چاہیے تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بد قسمتی سے اہم سیاسی شخصیات بھی دہشت گردی کا نشانہ بنیں، ہم نے اپنے وسائل سے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا، ہماری افواج ملک کے تحفظ کیلئے جانوں کی قربانی دے رہی ہیں، ہماری سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت ہونی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔