مری میں گزشتہ 12 گھنٹے سے برفباری کا سلسلہ جاری

ویب ڈیسک  پير 30 جنوری 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

 راولپنڈی: ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ 12 گھنٹے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ساڑھے 8 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں اگلے 6 گھنٹوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔

برفباری کے دوران قدآور درخت سڑک پر آگرا جس کے باعث ٹریفک کو روک دیا گیا۔ مری انتظامیہ اور مقامی افراد درخت کو کاٹ کر ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، ٹریفک پولیس مری کی جانب سے دوران برفباری مری آنے والے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

ڈی ایس پی ٹریفک مری عرفان حیدر نے ہدایت کی ہے کہ مری جانے سے پہلے موسمی حالات سے آگاہی حاصل کر کے سفر کا آغاز کریں، دوران برفباری مری آنے والے سیاح مکینکلی طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں اور منفی ٹمپریچر ہونے کی وجہ سے گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکیوڈ کا استعمال کریں۔

انکا کہنا ہے کہ دوران برفباری اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، سیاح اپنے ساتھ گرم ملبوسات اور خشک میوہ جات ضرور رکھیں، برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں اور گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشے مکمل طور پر بند نہ کریں۔ دوران برفباری کسی بھی صورت ڈبل لائن نہ بنائیں۔

ڈی ایس پی کے مطابق برفباری کے دوران مری میں روڈ پر کھڑے ہو کر سیلفی بنانے سے گریز کریں، گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔ محفوظ اور پرسکون سفر کے لیے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔

ترجمان ٹریفک پولیس مری کے مطابق دوران برفباری کسی بھی جگہ ٹریفک مسائل پیش آنے کی صورت میں کنٹرول روم نمبر 0519269200 پر رابطہ کریں، ٹریفک پولیس کے افسران و جوان سخت سردی میں آپ کی سہولت کے لیے ہیں انکے ساتھ تعاون کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔