صوابی میں سی ٹی ڈی آپریشن، خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا

ویب ڈیسک  پير 30 جنوری 2023
فوٹو فائل)

فوٹو فائل)

 پشاور: صوابی میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

پولیس کے مطابق صوابی میں شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،  جس میں شرپسندوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ ہنڈ کے علاقے میں  ہونے والے آپریشن کے دوران کافی دیر تک فائرنگ کاتبادلہ جاری رہا، اس دوران پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔

آپریشن کے دوران خودکش حملہ آوروں نے راہ فرار نہ پاتے ہوئے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جب کہ ایک شرپسند کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شرپسندوں کے خلاف رات گئے ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں خودکش حملہ آوروں کی ہلاکت اور ایک شرپسند کی گرفتاری سے تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا  گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔