کراچی کے صارفین کیلیے بجلی 10روپے 80پیسے فی یونٹ سستی

ویب ڈیسک  منگل 31 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 10 روپے 80 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی جس کراچی کے صارفین کو 12 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔

کے الیکٹرک کے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیپرا انجئنیر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت عوامی سماعت ہوئی۔

کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی لیکن نیپرا کی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق نومبر کے ایف سی اے کی مد میں کمی 10 روپے 80 پیسے فی یونٹ بنتی ہے۔

اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی سے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا۔ دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 3 روپے 37 پیسے فی یونٹ صارفین سے مزید کم چارج کیا جائے گا۔

نیپرا کے مطابق کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا جبکہ لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چار جنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔