بھارت عثمان خواجہ کے ساتھ تعصب برتنے سے باز نہ آیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 2 فروری 2023
پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر کو ویزے کیلیے ترسائے رکھا،ٹیم کے ساتھ نہ جا سکے۔ فوٹو: اے یو

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر کو ویزے کیلیے ترسائے رکھا،ٹیم کے ساتھ نہ جا سکے۔ فوٹو: اے یو

کراچی: بھارت عثمان خواجہ کے ساتھ تعصب برتنے سے باز نہ آیا، اس بار بھی پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹر کو ویزے کیلیے ترسائے رکھا جب کہ کرکٹر نے اپنی مایوسی کا اظہار سوشل میڈیا پر میم کے ذریعے کیا۔

آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر بیٹر عثمان خواجہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گزشتہ روز بھارت روانہ نہیں ہوسکے، اس کی وجہ ویزے میں تاخیر بنی، عثمان کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے اور ان کی پیدائش اسلام آباد میں ہوئی، مگر وہ بچپن میں والدین کے ہمراہ آسٹریلیا منتقل ہوگئے تھے۔

پاک سرزمین کے ساتھ اسی تعلق کی وجہ سے بھارت ان کے ساتھ تعصب برتنے سے باز ہی نہیں آرہا، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ان کے ویزے میں ٹال مٹول سے کام لیا گیا ہو۔

پہلی بار 2011 میں بھارت نے انھیں اپنے ملک میں ٹی 20 چیمپئنز لیگ میں شرکت کیلیے ویزا دینے سے انکار کردیا تھا، تب عثمان کو نیوساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرنا تھی۔

بعد ازاں بھارتی ہائی کمیشن کی مداخلت پر ویزا جاری کیا گیا تھا، اس کے بعد وہ 2013 اور 2017 کے ٹیسٹ ٹورز پر بھارت گئے مگر تب بھی ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا۔ان دنوں عثمان عمدہ فارم میں ہیں، ان کی 2022 کی ٹیم میں واپسی ہوئی تب سے 79.68 کی اوسط سے 1275 رنز اسکور کیے جس میں 5 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کی جمعرات کو جہاز میں نشست بک کرالی گئی ، انھیں بدھ کی شب ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔