ایس ای سی پی میں گزشتہ ماہ 420 کمپنیوں کا اندراج

بزنس رپورٹر  بدھ 9 اپريل 2014
سب سے زیادہ 57 کمپنیاں شعبہ تجارت میں رجسٹر، 146 نے لاہورمیں اندراج کرایا، حکام۔ فوٹو: فائل

سب سے زیادہ 57 کمپنیاں شعبہ تجارت میں رجسٹر، 146 نے لاہورمیں اندراج کرایا، حکام۔ فوٹو: فائل

کراچی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کیا ہے جو ملکی معیشت میں بہتری کا سبب بنے گا۔

صرف مارچ میں 20 غیر ملکی سرمائے کی حامل کمپنیوں نے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن حاصل کی، غیر ملکی سرمائے کی حامل ان کمپنیوں میںبنگلہ دیش، بیلاروس، چین، اٹلی، جنوبی کوریا، لبنان، ناروے، روس، اسپین، ترکی، امریکا اور برطانیہ کے باشندوںکی سرمایہ کاری شامل ہے، گزشتہ ماہ ایس ای سی پی نے مجموعی طور پر420نئی کمپنیوں کو رجسٹرکیا جس سے ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 63ہزار236 ہوگئی ہے۔

ایس ای سی پی حکام کے مطابق مارچ میں سب سے زیادہ تجارت کے شعبے میں57 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، سیاحت کے شعبے میں54، خدمات کے شعبے میں 37، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں34، تعمیرات کے شعبے میں23، ابلاغ عامہ میں16، زرعی شعبے میں14، فارموسیوٹیکل میں 14، بجلی کی پیداوار کی 13 اور ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں بھی 13 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی، مارچ میں سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہور میں ہوئی جہاں146 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، اسلام آباد میں گزشتہ ماہ 112 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی، کمپنی رجسٹریشن آفس کراچی میں104، پشاور میں25، ملتان میں12، فیصل آباد میں13 اور کوئٹہ میں 6 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔