سہیل خان نے کوہلی سے جھگڑے کی وجہ بتادی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

 جمعرات 2 فروری 2023
دھونی نے کوہلی کو سمجھا کر واپس فیلڈ پر کھڑا کردیا تھا، سابق کرکٹر (فوٹو: رائٹرز)

دھونی نے کوہلی کو سمجھا کر واپس فیلڈ پر کھڑا کردیا تھا، سابق کرکٹر (فوٹو: رائٹرز)

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سہیل خان نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے حوالے سے سال 2015 ورلڈکپ میں ہونے والی تکرار کی وجہ بتادی۔

معروف یوٹیوبر سے پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے فاسٹ بولر سہیل خان نے بتایا کہ ’’ بھارت کے خلاف سال 2015 ورلڈکپ میں بھارت سے ہمارا پہلا میچ تھا، بھارتی اننگز کے بعد جب ہماری باری جاری تھی تو میں بیٹنگ کیلئے آیا کوہلی نے جملے کسے، انہوں نے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں آپکو آئے ہوئے اتنی باتیں کرتے ہو‘‘۔

جس پر میں نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ بیٹا جب آپ انڈیا انڈر 19 میں کھیل رہے تھے تب آپ کا باپ ٹیسٹ کرکٹر تھا جس پر مصباح بھائی آئے اور مجھ پر غصہ کیا کہ خاموش ہوجاؤ، ادھر سے دھونی آیا اور ویرات سے کہا سائیڈ میں ہوجاؤ، یہ پرانا چاول تم نہیں جانتے، جس کے بعد وہ واپس فیلڈ پر جاکر کھڑے ہوگئے تھے‘‘۔

مزید پڑھیں: سابق چیئرمین نے مجھے بورڈ میں اہم عہدے کی پیشکش کی تھی، تنویر احمد

سہیل خان نے اعتراف کیا کہ ویرات کوہلی ایک بڑا کھلاڑی ہیں لیکن کرکٹ کے میدان پر کوئی ذات پر سوال اٹھائے گا تو دیکھوں گا نہیں میرے سامنے کون ہے۔

مزید پڑھیں: خرم منظور نے سرفراز احمد کو بابراعظم سے بڑا ’’کپتان‘‘ قرار دیدیا

دوسری جانب کوہلی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد بھارت کے سابق کرکٹرز اور صحافی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔