توقع ہے کابل پاکستان اور عالمی برادری سے اپنے وعدے پورے کرے گا، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 2 فروری 2023
کسی بھی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، ترجمان، فائل فوٹو

کسی بھی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، ترجمان، فائل فوٹو

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ کابل بین الاقوامی برادری اور پاکستان سے اپنے وعدے پورے کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان دونوں کی مشترکہ دشمن ہے، وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری سے کی گئی یقین دہانیوں کو پورا کیا جائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان الزام تراشی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ سمجھتا ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے ہیں اور سرحدی واقعے پر بھی بات ہوئی، پاک ایران وزرائے خارجہ کی ملاقات میں بھی تمام امور کا احاطہ کیا گیا۔

ترجمان نے فلسطین کے مختلف شہروں میں نہتے شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت سمیت ان کے حقوق کے مکمل حصول کے لیے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان نے اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی دراندازیوں اور ظالمانہ اقدامات کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے اور انتہائی جارحانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اپنی تشویش ڈنمارک کے حکام تک پہنچا دی ہے، ہم اس طرح کی کارروائیوں کو نسل پرستی، زینو فوبک اور اسلامو فوبک سمجھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔