امریکی فضائی حدود میں چین کے جاسوس غبارے کی پرواز، پینٹاگون نے طیارے بھیج دئیے

ویب ڈیسک  جمعـء 3 فروری 2023
زمین پر جانی نقصان کے خدشے پرچین کے غبارے کو گرایا نہیں گیا، امریکی حکام:فوٹو:انٹرنیٹ

زمین پر جانی نقصان کے خدشے پرچین کے غبارے کو گرایا نہیں گیا، امریکی حکام:فوٹو:انٹرنیٹ

  واشنگٹن: امریکا کی فضاؤں میں چین کے جاسوس غبارے کی نشاندہی پر محکمہ دفاع پینٹاگون نے طیارے بھیج دئیے۔

امریکی محکمہ دفاع نے پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کا گرم ہوا کا غبارہ امریکا کے شمال مغربی علاقے میں اڑتا ہوا پایا گیا جہاں زیرزمین بنکروں میں اسٹرٹیجک میزائل رکھے گئے ہیں اورحساس فضائی اڈے موجود ہیں۔

امریکی دفاعی حکام کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور وزیردفاع لائیڈ آسٹن اوردیگر فوجی حکام نے غبارے کو مار گرانے پر تبادلہ خیال کیا تاہم زمین پرموجود لوگوں کو نقصان سے بچانے کے لیے کارروائی نہیں کی گئی۔

چین کے غبارے کی نشاندہی پرپینٹاگون نے جنگی طیارے اس علاقے میں بھیج دئیے جہاں غبارہ اڑتا ہوا پایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غبارہ دو روز قبل امریکی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ اس کی پرواز سے واضح ہے کہ غبارے کو جاسوسی کی غرض سے بھیجا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔