سندھ میں اضافی لوڈشیڈنگ پی پی کوووٹ دینے کی سزاہے ، شرجیل میمن

اسٹاف رپورٹر  بدھ 9 اپريل 2014
تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پرشدیدتحفظات ہیں،اسمبلی میں خطاب،میڈیا سے گفتگو فوٹو: فائل

تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پرشدیدتحفظات ہیں،اسمبلی میں خطاب،میڈیا سے گفتگو فوٹو: فائل

کراچی: سندھ کے وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی سزاہے۔

پیپلز پارٹی ملک کی واحدسیاسی جماعت ہے جووفاق کی سالمیت پر یقین رکھتی ہے۔ عابدشیر علی بھی رانا ثنااللہ کی طرح غیرسنجیدہ شخص ہیں اور خودکو میڈیامیں زندہ رکھنے کیلیے الٹے سیدھے بیانات دیتے رہتے ہیں۔ تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پر پیپلز پارٹی کوتحفظات ہیں۔ وہ منگل کوسندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیر النسا مغل کے نکتہ اعتراض پربیان دے رہے تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ صرف میر پورخاص کی شکایت نہیں، پورے سندھ کے دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہم اس پروفاقی حکومت سے احتجاج اوراپیل کرتے ہیں کہ وہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ کرے۔ اگرانھوں نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیاہے تو اس پرانھیں سزا نہیں ملنی چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ سندھ اسمبلی میں محکمہ کھیل سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران سندھ کے سابق وزیرکھیل ڈاکٹرمحمدعلی شاہ کو ان کی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی ملک کی واحدسیاسی جماعت ہے جووفاق کی سالمیت پریقین رکھتی ہے۔

باقی جماعتیں محدودسوچ رکھتی ہیں۔ عابدشیر علی کی جانب سے صوبہ سندھ کے عوام کوبجلی چور قراردیے جانے پرانھوں نے کہا کہ عابد شیرعلی بھی رانا ثنااللہ کی طرح خودکو میڈیامیں زندہ رکھنے کے لیے الٹے سیدھے بیانات دیتے رہتے ہیں۔ تحفظ پاکستان بل کی کئی شقوں پر پیپلزپارٹی کوتحفظات ہیں۔ جمہوری ماحول میں اس طرح کے قوانین سے عوام میں بے چینی پھیلے گی۔ پاک فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے سوال پرانھوں نے کہاکہ وہ اس پرکوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ تمام انسٹی ٹیوشنزکو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ ہم کسی صوبے پر الزام نہیں لگانا چاہتے تاہم دیکھا جائے توسندھ اور خیبر پختونخواکے مقابلے میں صوبہ پنجاب میں زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے۔ وفاقی حکومت کواس طرح کے غیرذمے دارانہ بیانات کا نوٹس لیناچاہیے۔ آئی جی سندھ کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ وہ ایک بہادر، ایمانداراور فرض شناس پولیس آفیسرہیں۔ ان کی تعیناتی کے بعدکراچی آپریشن میں مزیدتیزی آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔