پرویز مشرف کو پی این ایس شفا کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ، سیکیورٹی انتظامات سخت

طفیل احمد  بدھ 9 اپريل 2014
مشرف کیخلاف ن لیگ کے وزراکی بیان بازی نے حکومت کومشکل میں ڈال دیا،سابق صدرکودبئی جانے کی اجازت دینے جانے کاامکان۔ فوٹو: فائل

مشرف کیخلاف ن لیگ کے وزراکی بیان بازی نے حکومت کومشکل میں ڈال دیا،سابق صدرکودبئی جانے کی اجازت دینے جانے کاامکان۔ فوٹو: فائل

کراچی: سابق صدرپرویز مشرف کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلیے کراچی منتقل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں پی این ایس شفا اسپتال کراچی میں ان کے علاج اورحفاظت کے حوالے سے غیر معمولی انتظامات کرلیے گئے ہیں جبکہ اسپتال کے اطراف سخت حفاظتی اقدامات بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

اسپتال کے باہرغیرمتعلقہ افرادکی آمدورفت روکنے کیلیے بینرزبھی آویزاںکردیے گئے،معلوم ہواہے کہ پی این ایس شفا اسپتال کے سی سی یوکی مرمت وصفائی کاکام بھی مکمل کرلیاگیاہے اوراس یونٹ کے قریب کسی کوآنے جانے کی اجازت بھی نہیں،اس یونٹ میں پرویزمشرف کومنتقل کیائے گاتاہم اسپتال ذرائع نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ پرویزمشرف کوپنڈی یا اسلام آباد میں علاج کیلیے شدی دخطرات لاحق ہیں اس لیے انھوں نے اپنے علاج کیلیے کراچی کومنتخب کیاہے۔ذرائع یہ بھی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کوکراچی سے دبئی جانے کی اجازت دینے پرغورشروع کردیا ہے۔

دوسری جانب نوازحکومت نے اپنے تمام وزرا کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ پرویزمشرف کے بارے میں آئندہ کوئی بیان بازی نہ کریں اور نہ ہی اس حوالے سے ٹی وی ٹاک شوزمیں کوئی بات کریں،ن لیگ کے بعض وزرا کی جانب سے مشرف کے خلاف مسلسل بیانات اورٹاک شوزمیں توہین اورتضحیک آمیزالفاظ اورلہجے کوعوام اوردیگر قومی اداروں میں بھی سخت ناپسندکیا گیاہے اوراس طرح کی بیان بازی نے نوازحکومت کو مشکلات سے دوچارکردیا ہے جس پرنوازحکومت نے قومی اداروںکی ہمدردی حاصل کرنے کیلیے پرویزمشرف کودبئی جانے پر رضامندی ظاہرکردی ہے تاکہ پرویزمشرف دبئی میں اپنی بیماروالدہ کی تیمارداری بھی کرسکیں۔معلوم ہواہے کہ آئندہ چند دنوں میں پرویزمشرف پی این ایس شفااسپتال منتقل ہوجائیںگے جہاں ان کے علاج ومعالجے کے لیے ماہرین طب کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔