قومی اسمبلی ،تحریک انصاف کا تحفظ پاکستان بل چیلنج کرنے کا اعلان، فوجداری قانون میں ترامیم سمیت10بل پیش

نمائندگان ایکسپریس  بدھ 9 اپريل 2014
سب کی جائیدادیں سامنے آناچاہئیں،خورشیدشاہ،متحدہ کاکارکنوں کی ہلاکتوں،شازیہ مری، شیریں مزاری کایوٹیوب نہ کھولنے پراحتجاج فوٹو: اے پی پی/فائل

سب کی جائیدادیں سامنے آناچاہئیں،خورشیدشاہ،متحدہ کاکارکنوں کی ہلاکتوں،شازیہ مری، شیریں مزاری کایوٹیوب نہ کھولنے پراحتجاج فوٹو: اے پی پی/فائل

اسلام آ باد: تحریک انصاف نے تحفظ پاکستان بل کوسپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا جبکہ قومی اسمبلی میں فوجداری قانون میں ترامیم، سمندر پار پاکستانیوں کوالیکشن میں حصہ لینے کی اجازت، بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے، خواتین کوجلانے اورتیزاب پھینکنے کے مقدمات کی فوری سماعت کے بل سمیت10بل پیش کردیے گئے۔

منگل کوپارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ ایوان مجھ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اوراراکین کے اثاثے ڈکلیئرکرائے تاکہ پتاچلے کہ کس کس کے اثاثے ملک سے باہرہیں۔ انھوں نے کہاکہ چیزوں کی قیمتیں بڑھاکراوربالواسطہ ٹیکس لے کرغریب کوغریب تر اور امیرکوامیرترکیاجارہاہے لہٰذاجب تک اعلیٰ قیادت خودٹیکس دیناشروع نہیں کرتی ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہاکہ وہ اپنے اثاثے تحقیقات کے لیے پیش کرتے ہیں۔ جواثاثے ان کے نہ ہوں انھیں ریاست ضبط کرلے۔ سیاسی رہنماؤں کوعوام کے لیے مثال بننا ہو گا۔ خیبرپختونخواحکومت 30 اپریل کوبلدیاتی انتخابات کرانے کوتیارہے۔ کرکٹ بورڈسے جب تک ایڈہاک ازم ختم نہیں ہو گا قومی ٹیلنٹ ضائع ہوتارہے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتانوں کی باربارتبدیلی نقصان دہ ہے۔ تحریک انصاف نے اس موقع پر دیگراپوزیشن جماعتوں سے مل کرتحفظ پاکستان بل کوسپریم کورٹ میں چیلنج کرنیکااعلان کیا۔ منگل کوقومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرڈے کے موقع پر10بل پیش کیے گئے۔ اسپیکرنے تمام بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپردکردیے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ پرٹیکسوں کی عدم ادائیگی کے الزام کی تحقیقات کے لیے ایوان کے 10 ارکان پرمشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک اتفاق رائے سے منظورکرلی۔ یہ کمیٹی 90 دن میں اپنی رپورٹ ایوان کوپیش کرے گی۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاکہ عمران خان نے بڑااہم معاملہ اٹھایاہے اسے زیربحث لایاجائے۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہاکہ ٹیکسوں کے معاملے پرکمیٹی قائم کرکے تحقیقات ہونی چاہیے۔

عبدالرشیدگوڈیل نے کہاکہ ملک کااصل مسئلہ معیشت ہے۔ وفاقی وزیرریاض پیرزادہ نے کہاکہ10 رکنی کمیٹی قائم کردیں ہم تیارہیں۔ شیخ روحیل اصغرنے کہاکہ سینیٹ، قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلیوں کے تمام ارکان کوریٹرن داخل کرا کے این ٹی این نمبرایف بی آرسے حاصل کرناچاہیے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے ارکان نے کراچی آپریشن میں مبینہ طورپرایم کیوایم کے کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں، کراچی کے ایک نجی بینک کے لاکرزتوڑ کرشہریوں کی کروڑوںروپے اورزیورات چوری کرنے کے واقع پرشدیداحتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کامطالبہ کردیا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے پی پی رکن یوسف تالپورصوبے میں پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم پراپنی پارٹی کی صوبائی حکومت پرپھٹ پڑے اورشدیداحتجاج کیا۔ پی پی پی کی شازیہ مری اورتحریک انصاف کی شیریں مزاری نے یوٹیوب پرپابندی ختم کرنے کی قراردادحکومتی وعدے کے مطابق منگل کوپرائیویٹ ممبرڈے کے موقع پرایجنڈے پرنہ لانے پرشدیداحتجاج کیا۔ ڈپٹی اسپیکرمرتضیٰ جاویدعباسی نے اجلاس ایجنڈے کی تکمیل پرغیرمعینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔