الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرین سمیت مستحقین میں ونٹرپیکیج تقسیم

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 فروری 2023
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے مستحقین میں ونٹرپیکیج تقسیم کیا گیا

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے مستحقین میں ونٹرپیکیج تقسیم کیا گیا

 لاہور: لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکیج تقسیم کر دیا۔

akhidmat winter package 1 copy

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق گزشتہ برس آنے والے ملک گیر سیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز ہی سے ونٹر پیکیج کی تقسیم  کا آغاز کیا اور ترجیحاََ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں۔

akhidmat winter package 2 copy

انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی ونٹر پیکیج مہم میں اُنہیں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ممالک سے مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کا ساتھ بھی رہا اور اس کے ساتھ ساتھ الخدمت کے رضاکاروں نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی ونٹر پیکیج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانا بھی ہے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے  مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی  و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک اپن کی مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔

akhidmat winter package 4 copy

بلوچستان کے علاقے لورالائی  میں ونٹر پیکیج ملنے پر  شبنم بی بی نے بتایا کہ اُس کے خاوند چند سال پہلے کوئلے کی کان میں کام کے دوران  اللہ کو پیارے ہو گئے، جس کے بعد وہ اپنے 3 بچوں کے ساتھ گزر بسر کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال سیلاب سے اُن کا گھر تباہ ہو گیا اور سامان  بھی استعمال کے قابل نہیں رہا۔

شبنم بی بی کا کہنا تھا کہ لورالائی میں شدید سردی پڑتی ہے اور سردیوں کے آغاز میں وہ بہت زیادہ پریشانی تھیں کہ اگر گرم کپڑوں، لحاف اور بستروں کا بندوبست نہ ہوا تو اُن کے بچے بیمار ہو جائیں گے، لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیں گرم کپڑے، بستر اور رضائیاں دیں اور اب ہمارا گھر بھی بنا کر دے رہے ہیں۔ جس کے لیے وہ الخدمت کی شکر گزار ہے۔

akhidmat winter package 5 copy

الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ  ونٹر پیکیج کی تقسیم الخدمت  فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے۔ الخدمت فاونڈیشن ونٹر ڈرائیو کا آ غاز ہر سال ستمبر کے مہینے سے کر دیتا ہے اور یہ سلسلہ مارچ کے آخر تک جاری و ساری رہتا ہے۔

akhidmat winter package 6 copy

ناگہانی آفات سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ  الخدمت ملک بھر میں نادار افراد کے لیے ونٹر پیکیج کی تقسیم کے پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے جس میں الخدمت کے رضاکار منظم اور مربوط نظام کے تحت چھان بین کے بعد ترجیحاََ بیوہ خواتین، یتامیٰ، نادار اور معذور افراد کی فہرستیں تیار کرتے ہیں، جنہیں کوپن جاری کرنے کے بعد پروگرامات میں دعوت دی جاتی ہے۔

akhidmat winter package 7 copy

خاص طور پر برف میں پھنسے ہوئے دیہاتوں میں، جہاں کوئی گاڑی جانا ممکن نہیں وہاں الخدمت کے رضاکار پیدل چل کر ونٹر پیکیج پہنچانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ الخدمت کے رضاکار فٹ پاتھ پر سونے والے مزدوروں، ٹھیلے یا ریڑھی لگانے والوں اور مزدوروں کو بھی جیکٹ،لحاف، بستر اور گرم چادریں فراہم  کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔