بھارت کا روسی پیٹرول کی ادائیگیاں ڈالر کے بجائے درہم میں کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 فروری 2023
بھارت امریکی پابندیوں کے باوجود روس سے پیٹرول خرید رہا ہے، فوٹو: فائل

بھارت امریکی پابندیوں کے باوجود روس سے پیٹرول خرید رہا ہے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت نے روس سے تیل کی خریداری کے لیے ادائیگی ڈالر کے بجائے اماراتی درہم میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے ایک بار پھر روس سے پیٹرول خریدنے کے لیے ادائیگی ڈالر کے بجائے متحدہ عرب امارات کی کرنسی درہم میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے امارات میں ایک برانچ بھی کھولی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے درہم میں ادائیگی کی تھی لیکن یہ سلسلہ زیادہ دیر جاری نہیں رہ سکا تھا اور ڈالرز میں پیٹرول خریدا جا رہا تھا تاہم اب دوبارہ درہم کے استعمال کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی تاجروں نے مشورہ دیا تھا کہ جی سیون کی جانب سے روسی خام تیل پر عائد کردہ حد کے باعث مقررہ حد کے اندر ادائیگی ڈالر میں کی جائے البتہ اس سے زائد خریداری پر ادائیگی درہم میں کی جائیں۔

بھارتی تاجروں نے یہ بھی کہا تھا کہ درہم میں ادائیگی کی سابقہ کوششیں متحدہ عرب امارات کے بینکوں کی جانب سے عدم تعاون پر ناکامی کا شکار ہوئی تھیں لیکن اب بھارتی اسٹیٹ بینک نے مدد شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ مغربی ممالک کی بڑی معیشتوں نے روس سے خام تیل 60 ڈالر فی بیرل سے زیادہ قیمت سے خریدنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم بھارت اور چین نے ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔