ہم حکومت بنائینگے،کانگریس،فیصلہ عوام کرینگے،بی جے پی

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 9 اپريل 2014
مودی نہ راہول کوئی اوروزیراعظم ہوگا،کمیونسٹ پارٹی،کیجریوال پرحملہ سازش ہے،عام آدمی پارٹی۔فوٹو:فائل

مودی نہ راہول کوئی اوروزیراعظم ہوگا،کمیونسٹ پارٹی،کیجریوال پرحملہ سازش ہے،عام آدمی پارٹی۔فوٹو:فائل

لاہور / نئی دہلی: بھارت میں عام انتخابات کے نتیجے میں کس سیاسی جماعت کوکتنی نشستیں ملیں گی یاکون وزیراعظم بنے گا؟ یہ جائزہ ایکسپریس نیوزکے پروگرام ’’اچھا لگے برالگے‘‘ کے خصوصی پروگرام میں لیاگیا۔

سینئرتجزیہ کارامتیازعالم نے نئی دہلی کے اسٹوڈیو میں اورماریہ ذوالفقارخان نے لاہورمیں میزبانی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ ڈاکٹرحسن عسکری بھی شریک گفتگوتھے۔ بی جے پی کے رہنما سیشادھری چاری نے کہاوزیراعظم کون بنے گا،اس کافیصلہ ٹی وی اسٹوڈیوزمیں نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں، کانگریس دورحکومت میں معیشت کی ترقی کے حوالے سے ویسے اقدامات نہیں کیے گئے جن کی ضرورت تھی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ماڈل کوگجرات یا بی جے پی کاماڈل کہیں تاہم یہ ملکی ترقی کاماڈل ہے،ہم ملک میں سول یونیفارم لاء چاہتے ہیں۔مسئلہ کشمیرکے حل کے متعلق انھوں نے کہا کہ ملتے رہنے سے پیارہوجائیگا،ہم پاکستان کو دشمن سمجھتے ہیں نہ دہشتگردی کومذہب کے طورپردیکھتے ہیں مگردہشت گردی اور مذاکرات اکٹھے نہیں چل سکتے۔کانگریس کے ترجمان میم افضل نے کہا کہ انتخابات کے بعدہم حکومت بنائیں گے یاہمارے ذریعے حکومت بنے گی،ہماری پالیسیاں طویل المیعادہیں جبکہ بی جے پی کی پالیسی فرقہ پرستی بمقابلہ سیکولرازم ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکی امرجیت کور نے کہامودی نہ راہول بلکہ کوئی اور وزیراعظم بنے گا۔ بڑی سیاسی جماعتیں کچھ اقلیتوں کو دہشتگردی کیلئے غلط مورد الزام ٹھہراتی ہیں، وہ یہ نکتہ نظراندازکردیتی ہیں کہ ملکوں کے درمیان مذاکرات ٹوٹنا نہیں چاہیئں۔عام آدمی پارٹی کے ترجمان نے کہاکہ انکے سربراہ کیجریوال پر حملہ سازش ہی کیونکہ سیاسی اسٹیبلشمینٹ اور حکمراں طبقہ ہماری جماعت کو اپنے لیے خطرہ محسوس کر رہا ہے۔امتیازعالم نے کہاموجودہ انتخابات ماضی سے مختلف ہیں، سروے بتا رہے ہیں کہ بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی وزارت عظمٰی کی دوڑ میں آگے ہیں جبکہ ان کی حریف جماعت کانگریس کے پاس وزیراعظم کا کوئی امیدوارہی نہیں ہے۔ حسن عسکری نے کہاکہ بھارت میں ہنگ پارلیمنٹ بننے جا رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔