کراچی پرانا گولیمار میں سرچ آپریشن؛ ٹارگٹ کلر، 6 اسٹریٹ کرمنلز، 5 منشیات فروش گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 5 فروری 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

  کراچی: سندھ رینجرز اور پولیس نے پرانا گولیمار اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کے دوران ایک ٹارگٹ کلر، 6 اسٹریٹ کرمنلز، 5 منشیات فروش، 5 غیر قانونی مقیم تارکین وطن اور 7 مشتبہ افراد سمیت 24 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پرانا گولیمار اور دیگر ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کریمنلز، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ اور کومبنگ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران ایک ٹارگٹ کلر، 6 اسٹریٹ کریمنلز، 5 منشیات فروش، 5 غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن اور 7 مشتبہ افراد سمیت 24 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 9 عدد نائن ایم ایم پسٹل، 4 تیس بور پسٹل، ایک بارہ بور شارٹ گن، ایک ایس ایم جی، ایک ایم پی فائیو،381 مختلف اقسام کا ایمونیشن، 570 تنزانیہ ٹوکن، چوری شدہ 17 موبائل فون، 3 موٹر سائیکلیں، 570 گرام کرسٹل بھی برآمد ہوئی۔

گرفتار ملزمان کو مع اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔