کسی کو پاکستان آنے پر اعتراض نہیں، بورڈ کی وضاحت

اسپورٹس ڈیسک  پير 6 فروری 2023
ان ٹیموں کے حکومتوں سے کلیئرنس لینے کی بات ہی نہیں ہوئی، پی سی بی۔ فوٹو: فائل

ان ٹیموں کے حکومتوں سے کلیئرنس لینے کی بات ہی نہیں ہوئی، پی سی بی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان آنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے وضاحت کردی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے بحرین میں ہونے والے اجلاس میں ایشیا کپ کی پاکستانی میزبانی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، بھارت اپنی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کو یواے ای یا کسی اور نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنا چاہ رہا جبکہ پی سی بی اس کی مخالفت کررہا ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اب مارچ میں متوقع ہے۔

غیرملکی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ تمام ایشین کرکٹ کونسل ممبران سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے سے متعلق اپنی حکومتوں کا موقف حاصل کریں۔

اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اعلامیہ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں اس طرح کی کوئی بھی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی ممبر نے یہ پاکستان کا ٹور کرنے سے متعلق اپنی حکومت سے کلیئرنس حاصل کرنے کا عندیہ دیا، سری لنکا کی ٹیم 2017 اور 2019 میں پاکستان کا ٹور کرچکی ہے، بنگلہ دیش نے بھی 2020 میں پاکستان کا دورہ کیاتھا.

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے 2023 سے 2027 تک کے فیوچر ٹور پروگرام میں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے پاکستان کے ٹورز کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے پہلے از خود ہی پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے ایونٹ کی منتقلی کا اعلان کردیا تھا جس پر پی سی بی کی درخواست پر بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بلائی گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔