اسٹیل ملزمیں چوری؛ گرفتار کباڑیے کا ملوث پولیس افسران کے ناموں کا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 6 فروری 2023
—فوٹو فائل

—فوٹو فائل

کراچی: اسٹیل ملز سے چوری کیے جانے والا سامان پولیس کی سرپرستی میں خریدنے کے الزام میں گرفتار کباڑیے اختر علی کا اعترافی ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ 

اختر علی نے اعترافی ویڈیو میں ایس ایچ او بن قاسم ، ڈی ایس پی اور ہیڈ محرر کے ساتھ سابق ایس ایچ او کا بھی نام بتا دیا۔ چوری کا سامان خرید کر فروخت کرنے والے کباڑیے کے بیان پر شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران ایس ایچ اوز کی تعیناتی کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں کہ تھانیداروں کی تعیناتی میرٹ پر کی جاتی ہے جبکہ ایس ایچ او لگنے کے خواہشمند افسران کی تعیناتی سے قبل امتحان اور انٹرویو کیے جاتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ تھانیداروں کی تعیناتی اگر میرٹ پر کی جاتی ہے تو پھر اس قسم کے واقعات کا منظر عام پر آنا خود پولیس کے اعلیٰ افسران کے دعوؤں پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

شہریوں نے کہا کہ گرفتار کباڑیئے کی جانب سے ڈی ایس پی اور سابق ایس ایچ او بن قاسم ملک اشرف پر جو الزام عائد کیا گیا ہے اس ضمن میں بھی اعلیٰ پولیس افسران کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے جبکہ ایس ایچ او بن قاسم ادریس بنگش کو تو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔