اسد شفیق نے بھی کراچی یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 7 فروری 2023

کراچی: قومی کرکٹرز میں ڈگری حاصل کرنے کا رحجان زور پکڑنے لگا۔دوسابق ٹیسٹ کپتانوں سرفراز احمد اور محمد حفیظ کے بعد معروف ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق بھی کراچی یونیورسٹی کے طالب علم بن گئے۔

77 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے ساتھ 60 ون ڈے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 37 سالہ بیٹر نےشعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز میں داخلہ لے لیا۔

اسد شفیق نے منگل کو صدر شعبہ پروفیسرڈاکٹر باسط انصاری کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ملاقات  کی۔

اسد شفیق نے تعلیم کے میدان میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کا عزم طاہر کرتے ہوئے علم کو سب سے بڑی دولت قرار دیا۔

شیخ الجامعہ  نے قومی کرکٹرز میں بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ  پر مسرت کا  اظہار کیا۔

انہوں نےکہا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ  قومی کرکٹرز کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے اور انہیں سیکھنے کے بھی بہترین مواقع میسر آئیں گے۔قومی کرکٹر سعود شکیل بھی اسی شعبہ کے طالب علم ہیں۔ جامعہ کراچی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو فیلوشپ کی سہولت فراہم کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔