دیامر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 7 فروری 2023
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس چلاس کے قریب اپرکوہستان کے علاقے ہربن کے قریب گہری کھائی میں گرنے سے 25 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر چلاس کے قریب اپرکوہستان کے علاقے ہربن میں شاہراہ قراقرم سے گزر رہی تھی کہ اسی دوران بس اور چھوڑی گاڑی میں ٹکر ہوئی جس کے بعد دونوں کھائی میں جا گریں۔

حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 25 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی، جاں بحق ہونے والے 12 افراد کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے غذر سے ہے، جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے۔

اپر کوہستان شتیال کے قریب بس حادثے کے بعد چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی کی ہدایت پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور  زخمیوں کو دیامربھاشا ڈیم کنٹریکٹرز کے ایمبولینسز میں چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا کیاگیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث بس کو حادثہ پیش آیا کیونکہ چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد بس ڈرائیور اسٹیرنگ پر قابو نہ رکھ سکا اور مسافر بس سیدھی کھائی میں گر گئی جبکہ بس کی ٹکر کیوجہ سے گاڑی بھی کھائی میں گر گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف کا دیامر میں بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ناگہانی اموات پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی اور مرنے والوں کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم محمّد شہباز شریف نے چلاس کے قریب شاہراہ قراقرم پر ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبّی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے مسافر بس حادثے پر قیمتوں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  حادثے کا شکار افراد کی مدد اور جانیں بچانے کےلئے ریسکیو ٹیمیں ، انتظامیہ اور محکمہ صحت کے زمہ داران کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پرقوم رنجیدہ ہے،افسوسناک واقعے سے گلگت بلتستان کی فضاء سوگوار ہے، مصیبت کی گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا بھی کی۔

مشیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے ہربن بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر دیامر، ڈپٹی کمشنراورپولیس حکام کوریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی اور حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کرنے کا بھی حکم بھی جاری کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔