دنیا کے سب سے بڑے ’کیک لباس‘ کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  جمعرات 9 فروری 2023
سوئزرلینڈ کی ایک بیکری نے عروسی لباس کا کیک بنایا ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے سند سے نوازا ہے۔ فوٹو: بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

سوئزرلینڈ کی ایک بیکری نے عروسی لباس کا کیک بنایا ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے سند سے نوازا ہے۔ فوٹو: بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

برن: سوئزرلینڈ کی ایک مشہور بیکری کو اپنی مزید مشہوری کے لیے یہ کام سوجھا کہ اس نے دلہن کا سفید لباس بنایا ہے جو پورا کیک سے بنا ہے۔ اب اس کی تصدیق گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے سامنے ایک لباس نما کیک پیش کیا گیا تھا جس کا اوپر والا قمیض نما حصہ عام کپڑے کا تھا جبکہ نیچے کا وسیع فراک نما حصہ مکمل طور پر کیک سے بنایا گیا تھا۔ اسے بنانے میں غیرمعمولی مہارت درکار تھی۔ اس طرح لباس کا وزن بڑھ کر 289 پاؤنڈ ہوگیا جس لگ بھگ 130 کلوگرام بنتا ہے۔

اپنے تمام اطمینان کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے کہا کہ سوئزرلینڈ میں شادی سے متعلق نمائش میں پیش کیا گیا یہ لباس سویٹی کیکس نے بنایا تھا۔ اس کی روحِ رواں، نتاشا کولائن فیہ لی فوکاس نے پیش کیا تھا اور اسی نام سے سند بھی پیش کی گئی ہے۔

گنیز بک نے اسے دنیا کا سب سے بڑا پہنا جانے والے کیک بھی قرار دیا ہے۔ اس کی ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی گئی ہے جسے دیکھ کرلوگ حیران ہورہے ہیں۔ تقریب ختم ہونے کے بعد میٹھے کے شوقین افراد نے اسے کاٹنا شروع کیا اور سارا لباسِ عروسی والا کیک تھوڑی دیر میں ہڑپ کرلیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔