کراچی پولیس کارکردگی دکھانے کیلیے ملزمان کی بار بار گرفتاری ظاہر کرنے لگی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 9 فروری 2023
پولیس نے دو روز قبل رینجرز کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کی گرفتاری ظاہر کر دی

پولیس نے دو روز قبل رینجرز کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کی گرفتاری ظاہر کر دی

  کراچی: پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے ملزمان کی بار بار گرفتاری کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔

سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے دو روز قبل رینجرز کے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کی گرفتاری ظاہر کر دی ، گرفتار ملزمان عادل مسعود اور عالم خان مسعود سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں ، واضح رہے دو روز قبل ان ملزمان کو رینجرز نے حراست میں لے کر مقدمہ درج کرنے کے لیے سائٹ سپرہائی وے پولیس کے حوالے کیا تھا۔

اسی طرح کے متعدد واقعات ہیں سندھ رینجرز شہر سے کسی بھی سنگین واردات میں ملوث ملزم کو پکڑ کر مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کے حوالے کرتی ہے اگلے ہی روز وہ پولیس ملزمان کو اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے گرفتاری ظاہر کر دیتے ہیں حالانکہ ڈسٹرکٹ کے ایس ایس پی کو اس بات کا علم ہوتا ہے کہ ملزمان کو کس نے پکڑا ہے تاہم ایس ایس پی بھی خاموشی اختیار کر لیتے ہیں کیونکہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سمیت جرائم کے خاتمے میں پولیس تو مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

اسی لیے پولیس اب شہریوں میں اپنا مصنوعی وقار قائم رکھنے کے لیے کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کی کارکردگی کو اپنے نام سے ظاہر کر کے اپنے میاں مٹھو بنے کی کوشش کرتی ہے۔

کچھ اسی طرح کا کام ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے نے ان ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے کیا ہے اور خبر کو شائع کرنے کے لیے ایس ایس پی ایسٹ کا نام بھی ساتھ میں جوڑ دیا تاکہ وہ بھی خوشی سے پھولے نہ سمائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔