دن کا کونسا لمحہ دل پر بھاری ہوسکتا ہے؟

ویب ڈیسک  جمعـء 10 فروری 2023

لندن: ایک نئے سروے کے مطابق نوکری پر جانے اور بچوں کو اسکول چھوڑنے جانے کا وقت دن کا سب سے زیادہ دباؤ والا وقت ہوتا ہے۔

برطانیہ میں 2000 افراد پر کیے جانے والے سروے میں معلوم ہوا کہ ان افراد کے لیے دن کا سب سے دباؤ والا وقت صبح 7 بج کر 23 منٹ کا تھا۔

ان افراد سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ایک عام دن میں 50 سب سے زیادہ دباؤ والے وقوعات کونسے ہوتے ہیں۔ حاصل ہونے والے جوابات میں  سب سے عام جواب ٹریفک میں پھنسنا،کپڑوں پر کسی چیز کا گرجانا اور دیر سے آنکھ کھلنا تھا۔

برطانیہ کی ریسکیو ریمیڈی نامی کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ بڑی عمر کے افراد کو روزانہ کی بنیاد پر اندازاً تین دباؤ والے وقوعات کا سامنا ہوتا ہے۔

ریسکیو ریمیڈی کی مالک کمپنی نیلسنز کی گلوبل برانڈ ہیڈ زُوزینا بسٹیکووا کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم ڈرامے کے بارے میں سوچتے ہیں ہمیں کسی بڑے وقوعے کا خیال آتا ہے لیکن یہ تحقیق بتاتی ہے کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہمارے مزاج پر  کتنا اثر انداز ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم یہ جانتے ہیں رات کی خراب نیند پورا دن خراب کر سکتی ہے اور دن میں پیش آنے والے مسائل اکثر رات کی نیندیں خراب کر دیتے ہیں۔ لہٰذا اس بات کا سامنے آنا حیران کن نہیں ہے کہ صبح وہ وقت ہوتا ہےجب دن کا پہلا ’ڈرامہ‘ پیش آتا ہے۔

سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ روز مرّہ کے تناؤ کے اولین اسباب میں 46 فی صد افراد کے مطابق تھکاوٹ، 36 فی صد کے مطابق خلل کا شکار ہونے والی رات کی نیند اور 33 فی صد کے مطابق نوکری پر مصروف دن شامل تھے۔

سروے میں لوگوں نے بتایاکہ ان تناؤ والے وقوعات کا سامنا کرنے کے بعد 32 فی صد افراد مایوسی،  23 فی صد تذبذب جبکہ 21  صد تھکاوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب ہم مستقل دباؤ میں ہوتے ہیں تو اس سے جسم کا ’لڑو یا بھاگ جاؤ‘ (فائٹ اور فلائٹ) موڈ فعال ہوجاتا ہے۔ ایسا ہونے سے ایڈرینالائن میں اضافہ ہوتا ہے جس سے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔ اس صورت میں کورٹیسول کی مقدار بھی بڑھ سکتی ہے جو خون میں شوگر کی مقدار میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے اور ہماری صحت کےلیے خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔