لاہورقلندر کی کٹ سے متعلق شاہین آفریدی کے سوال پرسوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

لاہور قلندر کی کٹ کپتان شاہین آفریدی نے خود ڈیزائن کی تھی جس پر پورے لاہور کا نقشہ بنا ہوا ہے


ویب ڈیسک February 10, 2023
شاہین آفریدی نے لاہور قلندر کی کٹ کے بارے میں صارفین سے رائے لی تھی، فوٹو: فائل

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنی ڈیزائن کردہ لاہور قلندرز کی کٹ سے متعلق سوال کیا جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور کئی ایک نے تو 10 میں سے 10 نمبر بھی دے دیے۔

سنسنی خیز مقابلوں اور رنگا رنگ تقریب سے سجا پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز ہونے ہی والا ہے۔ اس ایڈیشن کی ایک خاص بات لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا اپنی ٹیم کی کٹ خود ڈیزائن کرنا بھی ہے۔

اب تک تو مداح شاہین آفریدی کی دبنگ باؤلنگ سے لطف و اندوز ہوتے آئے تھے لیکن اس پی ایس ایل میں انھوں نے اپنی جمالیاتی ہنر کی رونمائی بھی کی اور لاہور قلندر کے لیے کٹ ڈیزائن کی جس کی شرٹ پر لاہور کا نقشہ بنا ہوا ہے۔



شاہین شاہ آفریدی جو ابھی اپنی شادی کی مبارکبادیں سمیٹ رہے ہیں نے ٹوئٹر پر مداحوں سے لاہور قلندر کی کٹ سے متعلق سوال کیا۔ فاسٹ باؤلر نے لکھا کہ کیسی لگی میری کٹ؟ دعاؤں میں یاد رکھیں۔

اس ٹوئٹ کا کرنا تھا کہ لاہور قلندر اور کرکٹ کے مداحوں کے تبصروں کا تانتا بندھ گیا۔ زیادہ تر صارفین نے کٹ کے ڈیزائن کو انوکھا، منفرد اور خاص قرار دیتے ہوئے تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

کئی صارفین نے تو شاہین آفریدی کی ڈیزائن کردہ کٹ کو دس میں سے دس نمبر بھی دیے۔ کچھ کمنٹس نے ٹوئٹر کی ٹائم لائن کو زعفران زار بنادیا۔ جیسے ایک نے لکھا کہ لگتا ہے لاہوریوں نے جتنے بھی غلط راستے بتائے ہیں سب اس میں درج ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : قومی کرکٹر شاہین شاہ اور انشاء آفریدی نکاح کے بندھن میں بندھ گئے

تاہم کچھ صارفین کو یہ مذاق اچھا نہ لگا اور انھوں نے ٹوئپ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے لاہور قلندرز کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں اور شاہین آفریدی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

 

مقبول خبریں