اسلام آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک ساتھی گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اپريل 2014
ملزمان کار چور تھے اور کار چوری کر کے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، پولیس۔ فوٹو؛ فائل

ملزمان کار چور تھے اور کار چوری کر کے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، پولیس۔ فوٹو؛ فائل

اسلام آ باد: تھانہ سہالہ کی حدود میں کاک پل کے مقام پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ سہالہ کی حدود میں کاک پل کے مقام پر پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ ساتھی زخمی ہو گیا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا، مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت مقصود جب کہ زخمی ساتھی کی شناخت اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کار چور تھے اور کار چوری کر کے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، کار چور گروپ کے مزید کارندوں کی گرفتاری کے لئے زخمی ملزم سے تفتیش جاری ہے۔  دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے ڈاکو نہیں عام شہری تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔