وکیل وقار شاہ کے قتل پر وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 11 اپريل 2014
پبلک پراسیکویٹر شمیم احمد کی زیر صدارت اجلاس میں وکلا کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ۔  فوٹو: ایکسپریس/فائل

پبلک پراسیکویٹر شمیم احمد کی زیر صدارت اجلاس میں وکلا کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: سینئر وکیل وقار شاہ کے بہیمانہ قتل کے خلاف وکلا نے تمام ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ کیا، کراچی بار ، ملیر بار سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز نے آج جمعہ احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو گلشن اقبال کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے سینئر وکیل وقارشاہ کو ہلاک کردیا تھا،وقار شاہ کے قتل کی اطلاع ملتے ہی کراچی باروملیر بارکے صدوراورجنرل سیکریٹری خالد ممتاز نے تمام عدالتی امورکے بائیکاٹ کا اعلان کیا،وکلا نے عدالتی امور کام چھوڑ کر عدالتوں سے باہر آئے اور شدید احتجاج کیا، تما م قیدیوں کو فوری طور پرواپس جیل بھیج دیا،عدالتی بائیکاٹ کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی ،کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد ممتاز نے جمعہ کو وکلا وقار شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دینے اورایم اے جناح روڑ پر جنرل باڈی اجلاس کرنے کا اعلان کیا ہے،ملیر بار کے صدر اعجاز خان بنگش نے نیشنل ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

جنرل سیکریٹری کراچی بار خالد ممتاز نے کہا کہ وکلا تسلسل کے ساتھ ٹارگٹ کرکے قتل کیے جارہے ہیں اورحکومت خاموش ہے ،وکلا سمیت عام شہریوں کا قتل حکومت کی رٹ نہ ہونے کا ثبوت ہے ، خالد ممتاز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ دھرنے اور جنرل باڈی اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما عصمت انور محسود ،سمیع نیازی ،مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری ارشد جدون ایڈووکیٹ،وکلا ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اسلم بوٹا ایڈووکیٹ نے مشترکہ بیان میں مسلم لیگ(ن) لائرز ونگ کے نائب صدرسید وقار شاہ ایڈووکیٹ کی دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاکت پر زور احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ امن و امان کے قیام کے نفاذ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

سٹی کورٹ میں پبلک پراسیکویٹرسید شمیم احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ساجد انصاری ایڈووکیٹ سمیت دیگر سرکاری وکلا نے وقار شاہ کے قتل کی شدید مذمت کی، وکلا کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا،انٹرنیشنل لائرز فورم کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ نے وقارشاہ اور جیکب آباد کے سابق صدر علی انور جکھرانی ایڈووکیٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وکیل کے قتل کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال کے ایس ایچ او اور ایس ایس پی کے خلاف درج کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔