یورو بانڈ اجرا؛ بھاری بیرونی سرمایہ کاری سے حکومت بھی دم بخود

کامران عزیز  جمعـء 11 اپريل 2014
حصص میں بھی بھاری بیرونی سرمایہ کاری،ڈالرکے مقابل روپے کی قدرمیں1.3 فیصد اضافہ فوٹو: فائل

حصص میں بھی بھاری بیرونی سرمایہ کاری،ڈالرکے مقابل روپے کی قدرمیں1.3 فیصد اضافہ فوٹو: فائل

کراچی: حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کافی حد تک بحال ہو گیا ہے۔

جس کا اندازہ بدھ کو انٹرنیشنل بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کے7 سال بعد داخلے سے ہوا، پاکستان نے مارکیٹ میں 5اور10سالہ یورو بانڈ متعارف کرائے جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے اس قدر بھاری سرمایہ کاری کی کہ حکومتی ٹیم کیلیے بھی یہ ناقابل یقین ہے، حکومت کو اس بانڈ ایشو سے 50 کروڑ ڈالر کی توقع تھی تاہم یورو بانڈ کے اجرا پر 5ارب 20 کروڑ ڈالرکی پیشکشیں موصول ہیں جو حکومتی اندازے سے 940 فیصد یعنی تقریباً ساڑھے 9 گنا زیادہ تھیں تاہم حکومت نے اپنی ضروریات کے مطابق توقع سے ڈیڑھ گنا زائد یعنی2 ارب ڈالرکی پیشکیش قبول کیں جو ایک وقت میں کسی بانڈ سے حاصل کی گئی سب سے زیادہ رقم اور مسلم لیگ ن کی حکومت کی پالیسی پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد  کی عکاسی بھی ہے، اس سے سرکاری زرمبادلہ ذخائر9 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلیے آئی ایم ایف کی اہم شرط کو پوراکرنے میں بھی مدد ملے گی، یورو بانڈ کے 2مختلف ایشوز پر غیرملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے 400 آرڈرز موصول ہوئے، زیادہ ترسرمایہ کاری امریکی سرمایہ کاروں کی طرف سے کی گئی، حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ سے یہ قرض 5 اور10 کی مدت کے لیے لیا جو اگرچہ امریکی سیکیورٹی پیپرزکے مقابلے میں ساڑھے5فیصد زیادہ ہے ۔

تاہم پاکستان کے حالات اور اس کی کریڈٹ ریٹنگز کو دیکھتے ہوئے یہ نسبتاً سستا قرض ہے، ساتھ ہی یہ پاکستان کی اوپن مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے جو خالصتاً پاکستانی حکومت اور معیشت پر بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے اور مستقبل میں بیرونی سرمائے کے حصول کیلیے ایک مضبوط اشاریہ ثابت ہوگا، یورو بانڈ کے کامیاب اجرا کے اثرات کی عکاسی جمعرات کو کراچی اسٹاک ایکس چینج اور فاریکس مارکیٹس کی صورتحال سے بھی واضح ہوگئی، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے صرف جمعرات کو 65لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ4 روز میں 2 کروڑ 69ل اکھ ڈالر کی سرمایہ کار کرچکے ہیں، یورو بانڈ کے اجرا سے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے ساتھ جمعرات کو کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی1 روپے 25 پیسے (1.3فیصد) کی کمی ہوئی، روپے کی قدر میں کمی سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی، اس کے علاوہ حکومت کو غربت کی شرح میں کمی لانے کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔