امریکی صدر غیراعلانیہ دورے پر اچانک یوکرین پہنچ گئے

امریکی صدر نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی


ویب ڈیسک February 20, 2023
صدر زیلنسکی اور صدر جوبائیڈن نے کیف کے سڑکوں پر چہل قدمی کی؛ فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر جوبائیڈن اچانک غیر اعلانیہ دورے پر یوکرین پہنچ گئے اور اپنے ہم منصب سے ملاقات میں روس کے خلاف جنگ میں ہتھیاروں کی فراہمی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے دارالحکومت کیف ایسے موقع پر پہنچے ہیں جب یوکرین میں روس کے حملے کے ایک سال مکمل ہونے پر دفاعی دن منانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

صدر جوبائیڈن کے متوقع دورۂ یوکرین کے باعث روس نے میزائل حملوں کی دھمکیاں بھی دی تھیں لیکن اسے خاطر میں نہ لاتے ہوئے امریکی صدر یوکرین پہنچ گئے تاہم یہ دورہ پیشگی اطلاع دیے بغیر کیا گیا۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر کا استقبال کیا اور انھیں سخت حفاظتی گھیرے میں دارالحکومت کیف کے وسطی علاقے کے ارد گرد واک اباؤٹ پر لے گئے اور اس دوران دونوں رہنماؤں نے روس کے حملے اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے باضابطہ ملاقات کی جس میں صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو ہتھیاروں کی مزید فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی اور دیگر فوجی ساز و سامان بھی دینے کا وعدہ کیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا تھا کہ صدر جوبائیڈن یوکرین کو آرٹلری گولہ بارود، اینٹی آرمر سسٹم، اور فضائی نگرانی کے ریڈار فراہم کرنے کا اعلان کریں گے۔

امریکی صدر کا یہ دورہ اس وقت ہوا ہے جب یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے برسلز میں ملاقات کی تاکہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر گولہ بارود کی خریداری پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر گزشتہ برس فروری میں حملہ کیا تھا اور اس کے چار علاقوں پر قبضہ کرکے اپنی ریاست میں ضم کرلیا تھا اور تاحال یوکرین پر میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں