ایران سے تجارت میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں، خرم دستگیر

اے پی پی  ہفتہ 12 اپريل 2014
 پاکستان ایران سے تجارت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، خرم دستگیر۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایران سے تجارت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، خرم دستگیر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران سے تجارت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، تجارت کی راہ میں حائل مشکلات کا جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر تجارت نے جمعہ کو وزارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیر تجارت کو ایران کے ساتھ تجارت کی صورتحال، تجارت میں درپیش مشکلات اور تجارتی مواقع سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پاکستان ایران کو چاول، گوشت، پیپر، گتہ، کیمیکلز، چینی، کینو اور کیلا وغیرہ برآمد کرتا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان یکم ستمبر 2006 کو ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) کیا گیا تھا جس میں پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کو 300 سے زائد ٹیرف لائنز پر ترجیحی ریٹس مقرر کرنے تھے اس کے باوجود دونوں ممالک کی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ایران پاکستان کا اہم ہمسایہ ملک ہے جس سے تجارت کی بحالی اور فروغ کے لیے ہر سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، بھارت اور ترکی کی ایران سے تجارت پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہے، پاکستان بھی ایرانی مارکیٹ تک رسائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔