بےحِس نہ بنیں پاکستان کے حالات پر بو لیں عدنان صدیقی کی عوام سے اپیل
پاکستان کی نئی نسل کا کیا ہوگا؟ عدنان صدیقی کا عوام سے سوال
پاکستان شوبز کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے عوام کی موجودہ حالت زار پر طنزیہ انداز میں روشنی ڈالی ہے۔
عدنان صدیقی کا اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں کہنا تھا کہ لوگ اپنی جڑوں یعنی ماضی میں واپس جائیں اور پاکستان کی تعمیر کی وجہ یاد رکھیں۔
عدنان صدیقی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج صبح جب وہ بیدار ہوئے تو کچھ عجیب ہوا انہوں نے بتایا کہ نل میں تیزی سے پانی آرہا ہے اور بجلی بھی آرہی ہے یہی نہیں بلکہ گیس بھی آرہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی قیمت 25 روپے ہوگئی ہے، پاکستان کے شہریوں کو اپنے پاسپورٹ پر کسی بھی قسم کے ویزے کی ضرورت نہیں ہے، وہ کہیں بھی لامحدود مدت تک قیام کرنے کے قابل ہیں جبکہ امن و امان کی بھی ناقابل یقین صورتحال ہے۔
اداکار نے اپنے کمرے کی بالکونی سے باہر کا منظر دکھاتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ غیر ملکی تیراکی کر رہے ہیں، لوگ بغیر کسی خوف کے گھوم رہے ہیں اور امن ہے۔
عدنان صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب صرف ان کا خواب ہے اور ان کے آباؤ اجداد کا ویژن تھا جو یہ خواب دیکھتے دیکھتے گزر گئے اور ہو سکتا ہے، کسی دن وہ بھی اس کے سچ ہونے کی خواہش کرتے کرتے گزر جائیں گے۔
انہوں نے نئی نسل کے مستقل پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نئی نسل کا کیا ہوگا؟ کیا وہ بھی یہی خواب دیکھتے رہیں گے یا یہ کبھی پورا ہوگا؟
ساتھ ہی اداکار نے عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ عوام بےحِس نہ بنیں پاکستان کے حالات کو دیکھیں اور اس پر بولیں۔
خیال رہے کہ اِن دنوں پاکستان شدید معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے تاہم شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد عوام کو اپنے حق کیلئے باہر نکلنے اور اس بحران کے خلاف آواز اُٹھانے کیلئے بیدار کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'پاکستانیو! تم 500 روپے لیٹر پٹرول بھی ڈلوا لوگے'، فرحان سعید کا قوم پر طنز
اس سے قبل گلوکار فرحان سعید نے بھی پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر ردعِمل دیتے ہوئے عوام پر طنز کیا تھا کہ اگر پٹرول 500 روپے فی لیٹر ہوجائے گا تب بھی پاکستانی عوام کچھ نہیں بولے گی۔