سمندر میں انسداد منشیات آپریشن 3 ارب مالیت کی آئس پکڑی گئی

پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور اے این ایف کی مشترکہ کارروائی


Staff Reporter February 22, 2023
6 ملزمان گرفتار، 200 کلو گرام آئس افریقی ممالک پہنچانا ہدف تھا، کموڈور عامراقبال۔ فوٹو: پی پی آئی

پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے سمندر میں مشترکہ انسداد منشیات آپریشن کے دوران 3 ارب روپے مالیت کی 200 کلوگرام آئس کو قبضے میں لے لیاجب کہ 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پی ایم ایس اے ہیڈکواٹرکراچی میں ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کموڈور عامراقبال خان نے اے این ایف کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹنٹ کرنل انوارحسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاک بحریہ اور اے این ایف کے ہمراہ شمالی بحیرہ عرب میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ انسدادِ منشیات آپریشن کیا گیا جس میں 200 کلوگرام آئس کو قبضے میں لیا گیا۔

ضبط کی جانے والی منشیات کی قیمت تقریباً 3 ارب روپے ہے۔ کارروائی میں 6 اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا۔ جن کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان کا ہدف افریقن ممالک تھا جہاں منشیات ترسیل کی جانا تھی۔

ان کا کہناتھا کہ رواں سال تین سمندری کارروائیوں کے دوران 50 ارب روپے کی منشیات پکڑی گئی۔ ستمبر سے مارچ کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے زیادہ واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ ان مہینوں کے دوران سمندر قدرے معتدل رہتا ہے۔ اسمگلرز چھوٹی لانچوں کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرتے ہیں۔ حالیہ کارروائی کے دوران بھی اسمگلرز نے شواہد مٹانے کے لیے منشیات سمندر برد کردی تھی۔ اسمگلرز اکثرواقعات میں لانچوں کو آگ بھی لگادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ، پی ایم ایس اے اور اے این ایف کا کامیاب مشتر کہ انسداد منشیات آپریشن پاکستان کی بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے عزم کا اعادہ ہے۔ یہ آپریشن بحری راہداریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط کوششوں کا عملی مظاہرہ ہے۔ اسمگلروں اور ضبط شدہ مال کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں