مانسہرہ میں870 میگا واٹ پن بجلی منصوبے کا معاہدہ، خیبر پختونخوا کو سالانہ47 کروڑ روپے ملیں گے

نمائندہ ایکسپریس / آئی این پی  ہفتہ 12 اپريل 2014
4300 میگاواٹ کے داسو پروجیکٹ کیلیے ورلڈ بینک 4.5 ارب ڈالر دیگا،خواجہ آصف  فوٹو: فائل

4300 میگاواٹ کے داسو پروجیکٹ کیلیے ورلڈ بینک 4.5 ارب ڈالر دیگا،خواجہ آصف فوٹو: فائل

اسلام آ باد: وزارت پانی و بجلی کے ذیلی ادارے پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) اور سکی کناری ہائیڈرو کے درمیان 870 میگا واٹ کے پن بجلی منصوبے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان میں 20 ہزار میگا واٹ کے توانائی منصوبے لگائے گا۔ جمعے کو پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر این اے زبیری اور ایس کے ہائیڈرو کے چیف ایگزیکٹو نے حکومت پاکستان اور اسپانسرز کی طرف سے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ اصف بھی موجود تھے۔ یہ منصوبہ مانسہرہ میں دریائے کنہار پر شروع کیا جائے گا جو 2020 تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا، منصوبے پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 75 کروڑ ڈالر ہے، سالانہ 3 ارب یونٹ سے زائد بجلی حاصل ہوگی۔ آئی این پی کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کو ہر سال پانی کے استعمال کی مد میں 47 کروڑ روپے ملیں گے اور 30 سال بعد یہ منصوبہ بلا معاوضہ صوبہ خیبرپختونخوا کے حوالے کردیا جائے گا۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ منصوبے سے سسٹم میں سستی بجلی آئے گی، پن بجلی کے داسو بھاشا اور بونجی منصوبوں پر بھی کام کریں گے، جس سے 20 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سکی کناری منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم نواز شریف 15مئی کو رکھیں گے۔ 4300 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پروجیکٹ کیلیے فنڈنگ کا بندوبست ہو گیا ہے اور ورلڈ بینک 29 مئی کو اپنے اجلاس میں اس کیلیے 4.5 ارب ڈالر کی منظوری دے گا، منصوبے پر افغانستان نے اپنا اعتراض واپس لے لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔