ازبک لڑکی کے اسلام آبادایئرپورٹ سے فرارپرانسپکٹرمعطل

یعقوب ملک  ہفتہ 12 اپريل 2014
لڑکی عدالت سے ضمانت کے بعد دوہفتے قبل اسلام آبادایئرپورٹ سے اپنے ملک فرارہوگئی تھی۔ فوٹو: فائل

لڑکی عدالت سے ضمانت کے بعد دوہفتے قبل اسلام آبادایئرپورٹ سے اپنے ملک فرارہوگئی تھی۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: اسلام آباد ایئر پورٹ سے بغیرامیگریشن کلیئرنس 2ازبک لڑکیوں کے ملک میں داخلے کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعدگرفتار غیرملکی لڑکیوں میں سے ایک ازبک لڑکی کے ایمرجنسی پاسپورٹ دکھا کر واپس اپنے ملک فرارہوجانے کے بعد انسدادانسانی اسمگلنگ سیل کے انسپکٹرمہرتسنیم کومعطل کردیاگیاہے۔

ایف آئی اے نے باقی7لڑکیوں کے نام ای سی ایل میں  ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کودرخواست بھجوادی اور ان لڑکیوں کے ایمرجنسی پاسپورٹ پر سفرکرنے پربھی پابندی لگادی ہے۔ ازبک لڑکی چیرنکااکسان Cherinka Aksan عدالت سے ضمانت کے بعد دوہفتے قبل اسلام آبادایئرپورٹ سے اپنے ملک فرارہوگئی تھی،ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر انعام غنی نے انکوائری کاحکم دیا تھا جس کی رپورٹ کی روشنی میں انسپکٹر مہر تسنیم کو معطل کیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹربابرخان کی نگرانی میں انکوائری کمیٹی نے انہیں غفلت کا مرتکب قراردیا تھا۔

شوکازنوٹس کا اطمینان بخش جواب نہ ملنے پرمذکورہ انسپکٹرکوجمعرات کومعطل کیاگیا، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ انسپکٹر نے لڑکی کی عدالت سے ضمانت کے بعدنہ توامیگریشن سٹاف کو ممکنہ فرارسے آگاہ کیااورنہ اس کانام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کوکوئی درخواست بھیجی۔ذرائع کے مطابق انسپکٹرمہرتسنیم کی معطلی کے بعدایسے کیسوںکی تفتیش اب انسپکٹر زاہد کے سپردکی گئی ہے۔واضح رہے کہ دوازبک لڑکیاں سوتلانہ یاشکینہ Svetlana Yashkina اورعلینہ گلے زوواAllina Gilayzova امیگریشن عمل سے گزرے بغیراسلام آبادایئرپورٹ سے ہی پاکستان داخل ہوئی تھیںلیکن تین ماہ سے زائدوقت گزرنے کے باوجود ان کاپتہ نہیں چلایا جا سکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔