پی ایس ایل زندہ دلان لاہور نے ’ہاؤس فل‘ کر دیا

ہر اسٹروک اور وکٹ پر دل کھول کر داد دی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


Sports Reporter February 27, 2023
فوٹو : پی سی بی

زندہ دلان لاہور نے اپنے شہر میں پی ایس ایل 8 کے پہلے میچ کے دوران 'ہاؤس فل' کر دیا، پرجوش شائقین نے ہر اسٹروک اور وکٹ پر کھل کر داد دی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کرکٹ کا میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد پہنچی، تماشائیوں کی آمد کا سلسلہ 3 گھنٹے قبل ہی شروع ہوگیا تھا جس میں بتدریج اضافہ ہوتا گیا۔

میچ کے 5 اوورز مکمل ہونے تک ہی ہاؤس فل ہوچکا تھا، راستے میں جھنڈے خریدنے اور چہرے پر قومی اور فیورٹ ٹیموں کے پرچم پینٹ کروانے سلسلہ بھی جاری رہا، پرجوش تماشائیوں نے میچ سے اتوار کی چھٹی کا لطف دوبالا کیا۔

ایک ایک اسٹروک اور وکٹ پر دل کھول کر داد دی جاتی رہی، موبائل ٹارچ کی روشنیوں سے بھی خوبصورت منظر بنایا گیا، باؤنڈری کے قریب آنے والے کرکٹرز کو مخاطب کرکے نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔



ان فارم بیٹر فخر زمان انجری کا شکار ہوئے تو اسٹینڈز میں مایوسی پھیل گئی، اس دوران پشاور زلمی کے کھلاڑی خوش گپیوں میں مصروف رہے، طبی امداد ملنے پر فخر زمان کریز پر واپس آئے تو خوب شور مچایا گیا، وہاب ریاض کی گیندوں پر اسٹروک لگنے پر ''منسٹر کی پٹائی نہ کر بھائی'' کی آوازیں لگائی گئیں۔

میچ کے دوران سخت حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے، رینجرز اور پولیس سمیت سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی ڈیوٹیز پر مستعد رہے، 3 مقامات پر جامہ تلاشی کے بعد واک تھرو گیٹ سے گزرنے سے قبل ٹکٹ اسکین کیے جاتے، شناختی کارڈز بھی چیک کیے گئے۔

اگلی تلاشی اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہوتی جہاں لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جعلی ٹکٹیں خریدنے والے کئی شائقین کو مایوس ہوکر واپس جانا پڑا، ٹیموں کی آمدورفت کے دوران بھی سیکیورٹی کا سخت پہرہ رہا، روٹ کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کچھ دیر کیلیے معطل رکھی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں