سپریم کورٹ سے چوروں کے تابوت نکلیں گے شیخ رشید
چورلٹیرے نوے کی دہائی کی طرح ججوں کودھمکا کرفیصلے اپنے حق میں کرنا چاہتے ہیں، قوم سپریم کورٹ کیساتھ ہے، سابق وزیرداخلہ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے چوروں کے تابوت نکلیں گے۔
عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بلڈنگ سے آئین و قانون کا فیصلہ آئے گا۔گینگ آف فائیو جو اس بلڈنگ کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، یہ وہی چور ہیں جو اپنی چوری چھپانے آئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راجن پور میں کل ان کو پتا لگ گیا ہے۔ ان کا کفن دفن کا بندوبست کرلیں۔ ان شا اللہ ان چوروں کے تابوت اسی سپریم کورٹ سے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چور لٹیرے بینچ بنا رہے ہیں، چور لٹیرے کہیں گے کہ بینچ بناؤ۔ یہ نوے کی دہائی کی طرح ججوں کو دھمکانا چاہتے ہیں، اپنے حق میں فیصلے کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں قلم دوات کے نشان پر انتخابات لڑوں گا۔ جب کہیں گے جیل چلا جاؤں گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں بحال نہیں ہونی چاہییں، الیکشن ہونے چاہییں۔
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملوں کی وراثت گینگز آف فائیو نےاگلی نسل میں منتقل کردی ہے۔ مریم کےبعدبلاول نےبھی عدلیہ کوآنکھیں دکھاناشروع کردی ہیں۔ سپریم کورٹ پرحملےکی رات کی تاریکی میں سازشیں تیارہورہی ہیں۔ سیاسی خواہشات پربینچ تشکیل نہیں پاتے۔ سپریم کورٹ نے صرف الیکشن کی تاریخ دینی ہےفیصلہ عوام نےکرناہے۔
دوسرے ٹوئٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راجن پور کی پی ٹی آئی کی جیت سے پی ڈی ایم انتخابات سے مکمل بھاگ گئی ہے۔ یہ سپریم کورٹ میں 1997ء کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ملک انارکی اورسول نافرمانی کی طرف جارہا ہے۔ بجٹ خسارہ62کھرب تک پہنچ گیا ہے۔ الیکشن ہی واحدراستہ ہےجس سے پی ڈی ایم فراری ہے۔ساری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پرلگی ہیں اورساری قوم سپریم کورٹ کےساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کوبچانےکاایک ہی راستہ ہے جو سپریم کورٹ سے نکلے گا، ثبوت بھی نکلیں گےاور نیب زدہ لوگوں کے تابوت بھی نکلیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملے گا۔منی لانڈرر کے کنگ کا بیٹا بلاول اپنے نیب کے قانون ختم اور ججز پر لاگو کرنا چاہتا ہے۔ آئی ایم ایف کی بڑی جیل نےغریب کوڈیتھ زون میں داخل کردیاہے۔